۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حافظ ریاض

حوزہ / وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے کہا: دھرنے ، جلوسوں میں نہیں،فوج صرف محرم میں ہی کیوں طلب کی جاتی ہے؟ 97 فیصد مسلمان آبادی والے ملک میں نواسۂ رسول کی یاد میں نکلنے والے جلوسوں کو خطرہ کس سے ہے؟

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے محرم الحرام میں سیکیورٹی کی گھمبیر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: سیکیورٹی کے نام پر عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کو گھیر لیا جاتا ہے، فوج طلب کرلی جاتی ہے۔ کیا کلمے کے نام پر بننے والے ملک میں نواسہ رسول کی یاد میں نکلنے والے جلوسوں کو مسلمانوں سے خطرہ ہے؟ کون ہے جو خود کو مسلمان بھی کہلوائے اور امام حسین علیہ السلام سے انکاری ہو؟۔

انہوں نے جامعۃ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ دنیا اور وطن عزیزپاکستان میں کتنے دھرنے دئے جاتے اور جلوس نکلتے ہیں۔ آخر کیا وجہ ہے کہ فوج صرف اس وقت بلائی جاتی ہے ،جب محرم آتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ہماری فوج بڑی عظیم فوج ہے۔ غیر ملکی دشمنوں اور اندرونی شرپسند عناصر سے حفاظت اس کی ذمہ داری ہے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں رپورٹ ہوا ہے کہ فوج کو باقاعدہ طور پر محرم الحرام کے جلوسوں کی حفاظت کے لئے طلب کرلیا گیا ہے۔ کیا امام حسین علیہ السلام کے جلوس کی حفاظت کرنی ہے؟ 97فیصد مسلمان آبادی اور اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں نواسۂ رسول کی شہادت کی یاد میں نکلنے والے جلوسوں کو خطرہ کس سے ہے؟ کیا امام حسین علیہ السلام سنی مسلمانوں کے امام نہیں؟

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے کہا: اگر امام حسین علیہ السلام کے نام سے جلوس نکلتا ہے تو شرپسند عناصر کے ڈر سے فوج کو بلایا جاتا ہے۔ عید میلاد النبی اور محرم کے جلوسوں کی حفاظت کی جاتی ہے تو بھی ہر طرف سے ان کو گھیر لیا جاتا ہے کہ کہیں مسلمان ان پر حملہ نہ کر دیں۔ حیف! حیف! حیف!۔ کیا اسلامی ملک اس طرح ہوتے ہیں؟

انہوں نے کہا: کہا جاتا ہے کہ گھر میں مجلس کریں تو اس کی اجازت لو ۔کیوں؟ ایس۔ایچ۔او آ جاتا ہے کہ بغیر اجازت مجلس عزا منعقد کی تو ہم گرفتار کر لیں گے۔ لاحول و لا ۔۔ ، گھر میں انسان کچھ بھی کرتا رہے کسی کو حق نہیں ہے، داخل ہونے کا۔ حکم دیا گیا کہ کسی گھر میں اجازت کے بغیر داخل نہ ہوں۔ اگر کوئی اجازت نہ دے تو فوراً واپس چلے جاو ۔ ہمیں نہ کہو کہ گھر میں مجلس نہیں ہو سکتی۔ پاکستان، اسلام اور لا الہ الا اللہ کے نام پر بنا ہے ، لاالہ الا اللہ کے کلمے کو بچانے کے لیے امام حسین علیہ السلام نے اپنی اولاد،جان،خون دے رہے ہیں۔ بہنوں،بچیوں کا پردہ دے رہے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .